کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈھاڈر میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ حکام کے مطابق شدت پسند تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے عناصر نے علاقے میں حملے کی کوشش کی، جسے فورسز نے مؤثر انداز میں پسپا کر دیا۔
معاونِ خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جوابی کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے نہایت پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے جانی نقصان سے علاقے کو محفوظ رکھا۔بابر یوسفزئی کے مطابق اس کارروائی میں ایک بہادر جوان نے جامِ شہادت نوش کیا، جس کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے شہید اہلکار کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ سیکیورٹی ادارے صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
