Baaghi TV

کوئٹہ: مشرقی بائی پاس پر پولیس موبائل پر فائرنگ، راہگیر شہری شہید

crime

کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک بے گناہ راہگیر شہری موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق منظور شہید تھانے کی پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے اس پر حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر 8 سے 9 فائر کیے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے دوران ایک راہگیر گولی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہوگیا۔واقعے کے فوراً بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ شہید شہری کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

More posts