فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فرانس کے رافیل لڑاکا طیاروں نے متحدہ عرب امارات کی طرف بڑھنے والے ایرانی ڈرونز کو مار گرایا۔
ایک بیان میں فرانسیسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ رافیل طیاروں نے یو اے ای کی جانب آنے والے ایرانی ڈرونز کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں فرانسیسی بحریہ، فضائیہ اور بری فوج کے سینکڑوں اہلکار تعینات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ابوظبی کے قریب الظفرہ ایئر بیس پر موجود رافیل طیارے ایرانی حملوں کے خدشے کے پیش نظر فضائی نگرانی اور دفاعی مشن پر مامور ہیں۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے تین بیلسٹک میزائل اور 129 ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جبکہ آٹھ ڈرون اماراتی سرزمین پر گرے۔
واضح رہے کہ فرانس نے متحدہ عرب امارات میں فضائی سلامتی کے آپریشنز کے لیے رافیل لڑاکا طیارے تعینات کر رکھے ہیں۔ اس مشن کا مقصد یو اے ای میں قائم فرانسیسی فوجی اڈے کی حفاظت کرنا ہے جہاں فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔ یہ تعیناتی یکم مارچ 2026 کو فرانسیسی اڈے کے ایک ہینگر پر ہونے والے ڈرون حملے کے بعد کی گئی تھی۔
ادھر قطر کی فوج نے بھی کہا ہے کہ آج صبح ایران کی جانب سے 10 ڈرونز اور دو کروز میزائلوں سے حملے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے تمام پروجیکٹائلز کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روک لیا گیا۔
رافیل طیاروں نے یو اے ای کی طرف بڑھنے والے ایرانی ڈرونز مار گرائے، فرانسیسی وزیر خارجہ
