پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات میں سستے کیمیکلز کو ملا کر مہنگے داموں فروخت کرنے کے واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے وزیرِ پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو خط لکھ کر اس ناجائز عمل کو روکنے کی اپیل کی ہے۔
خط میں بتایا گیا کہ سالونٹ آئل کو مخصوص صنعتی استعمال کے لیے تیار کیا جاتا ہے، مگر اسے پیٹرول اور ڈیزل میں ملا کر بیچا جا رہا ہے، جس سے غیر قانونی منافع کمایا جا رہا ہے۔ یہ کیمیکل گاڑیوں کے انجنوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، یہاں تک کہ کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ سالونٹ آئل کی پیداوار اور درآمد کا فوری آڈٹ کیا جائے، جبکہ اس کی ترسیل، ذخیرہ اور فروخت پر سخت نگرانی، انسپیکشن اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کو مؤثر بنایا جائے۔ ان اقدامات سے نہ صرف قانونی پیٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے گا بلکہ حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں ہونے والے بھاری نقصان کو بھی روکا جا سکے گا۔
پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچنے کا انکشاف
