اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن رمشا اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں اور ان کی بہن مومنہ اقبال کو دھمکی آمیز پیغامات اور وائس نوٹس موصول ہوئے، جن میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
رمشا اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب چدھڑ نے انہیں نکاح نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ دباؤ یا دھمکیوں کے باعث پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں اور اب ثاقب چدھڑ کو اپنے تمام الزامات اور دعوے عدالت یا متعلقہ فورمز پر ثابت کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ثاقب چدھڑ کروڑوں روپے کے مالی دعوے کر رہے ہیں تو وہ ان کے ثبوت پیش کریں۔ رمشا اقبال کے مطابق ان کا خاندان تمام معاملات کو قانونی طریقے سے حل کرنا چاہتا ہے اور اگر کوئی مالی تنازع موجود ہے تو وہ اسے قانون کے مطابق نمٹانے کے لیے تیار ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اور مومنہ اقبال کے خلاف منظم اور معاوضہ لے کر چلائی جانے والی مہم شروع کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور متعلقہ افراد کو ان دعوؤں کے شواہد پیش کرنے چاہئیں۔
رمشا اقبال نے کہا کہ ان کے لیے یہ ایک اہم پیش رفت ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے معاملے پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ان کی ہدایات پر غیر جانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے اب تک میڈیا کے سامنے کوئی ایسی بات نہیں کی جس کے ثبوت ان کے پاس موجود نہ ہوں۔ ان کے مطابق قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور اس حوالے سے ایک نئی درخواست بھی جلد جمع کروائی جائے گی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اداکارہ مومنہ اقبال نے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ فی الحال الزامات اور جوابات کا تبادلہ جاری ہے جبکہ حتمی حقائق کا تعین متعلقہ تحقیقاتی اور عدالتی کارروائی کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
رمشا اقبال کے ثاقب چدھڑ پر سنگین الزامات
