امریکی ریاست نبراسکا کے شہر اوماہا میں چلتی ٹریفک کے دوران سڑک اچانک دھنس گئی، جس کے نتیجے میں سگنل پر کھڑی دو گاڑیاں گڑھے میں جا گریں۔ خوش قسمتی سے دونوں ڈرائیور محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سرخ جیپ ایس یو وی اور ایک پک اپ ٹرک ٹریفک سگنل پر رکے ہوئے تھے کہ اچانک ان کے نیچے زمین بیٹھ گئی اور چند لمحوں میں گہرا گڑھا بن گیا جس نے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
اوماہا پولیس کے لیفٹیننٹ ڈین مارٹن نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی غیر متوقع تھا اور وہاں موجود افراد کے لیے حیران کن ثابت ہوا۔
ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے ہی دونوں ڈرائیور اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں سے نکل کر محفوظ مقام پر پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کے بعد حکام نے احتیاطی طور پر شاہراہ کو بند کر دیا ہے اور مرمتی کام مکمل ہونے تک سڑک کئی روز تک بند رہنے کا امکان ہے۔
نبراسکا میں سڑک اچانک دھنس گئی، دو گاڑیاں گڑھے میں جا گریں
