کراچی کے سپر ہائی وے پر سبزی منڈی کے مرکزی گیٹ کے سامنے دن دہاڑے ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس میں مسلح ملزمان نے پیٹرول پمپ کے مالک کو زخمی کر کے 75 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ حیران کن طور پر یہ واقعہ پولیس پوسٹ سے چند قدم کے فاصلے پر پیش آیا مگر ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں پورا واقعہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان ایک سفید رنگ کی کار کا پیچھا کر رہے تھے۔ جیسے ہی موقع ملا، ملزمان نے اسلحے کے زور پر گاڑی کو روک لیا۔ ایک ملزم نے چالاکی سے موٹر سائیکل گاڑی کے سامنے گرا دی تاکہ راستہ مکمل طور پر بند ہو جائے۔
مزاحمت کرنے پر ملزمان نے پیٹرول پمپ کے مالک کو ٹانگ پر گولی مار دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد ملزمان نے گاڑی سے 75 لاکھ روپے نقدی نکالی اور فرار ہونے سے پہلے گاڑی کے پچھلے ٹائر پر فائرنگ بھی کی تاکہ کوئی ان کا پیچھا نہ کر سکے۔
واردات کے بعد ملزمان پہلے پیدل سپر ہائی وے کی جانب بھاگے اور وہاں موجود ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
سپر ہائی وے پر ڈکیتی، پیٹرول پمپ مالک زخمی، 75 لاکھ لوٹ لیے گئے
