Baaghi TV

وزیراعظم کا پیٹرول کی قیمت 80 روپے کم کر کے 378 روپے فی لیٹر کرنے کا اعلان


وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی وسائل سے 129 ارب روپے خرچ کر کے مہنگائی کے طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روکا اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے بتایا کہ فیلڈ مارشل، وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی موجودگی میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، اور حکومت اس وقت تک اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی جب تک معاشی مشکلات میں کمی نہیں آتی۔
‎انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے اثرات پاکستان سمیت دنیا بھر میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس صورتحال میں عام آدمی، کسان اور کم آمدنی والے طبقات شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
‎وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے محدود وسائل کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی اور اسی مقصد کے تحت پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو وقتی طور پر برداشت کیا گیا۔
‎انہوں نے اعلان کیا کہ موٹرسائیکل سواروں کے لیے فی لیٹر 100 روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مہنگائی کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
‎شہباز شریف نے یہ بھی بتایا کہ پیٹرول پر لیوی میں 80 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

More posts