گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ اے سی کا استعمال بھی عام ہو چکا ہے، مگر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایک عام عادت آپ کے اے سی کی عمر کم کر سکتی ہے اور بجلی کے بل میں بھی اضافہ کر دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اکثر لوگ اے سی کو ہمیشہ کم ترین درجہ حرارت پر چلاتے ہیں، جو کہ ایک بڑی غلطی ہے۔ اس سے مشین پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے اور اسے اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ مسلسل کام کرنا پڑتا ہے۔
اس عمل کے باعث اے سی کا آؤٹ ڈور یونٹ بار بار بند اور دوبارہ چلتا ہے، جس سے نہ صرف مشین کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے بلکہ اس کی عمر بھی کم ہو جاتی ہے۔
خاص طور پر شدید گرمی اور حبس کے دنوں میں اگر اے سی کو 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم پر چلایا جائے تو سسٹم زیادہ محنت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کا ضیاع اور بل میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے سی کو مسلسل 24 گھنٹے چلانے کے بجائے وقفے دینا چاہیے تاکہ مشین کو آرام مل سکے اور اوور ہیٹنگ سے بچا جا سکے۔
مزید یہ کہ اگر باہر کا درجہ حرارت 34 سے 38 ڈگری کے درمیان ہو تو اے سی کو اس سے تقریباً 8 سے 10 ڈگری کم پر رکھنا کافی ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کا درجہ حرارت نہ صرف آرام دہ ہوتا ہے بلکہ یہ بجلی کی بچت اور اے سی کی لمبی عمر کے لیے بھی بہترین ہے۔
اے سی کو کم ترین درجہ حرارت پر چلانا نقصان دہ، ماہرین کی وارننگ
