Baaghi TV

سگی مامتا خون میں نہا گئی ،بھائیوں کا جھگڑا فائرنگ سے بوڑھی ماں لقمہ اجل بن گئی

گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ مندرہ کے نواحی علاقے ہرنال میں گھریلو ناچاقی نے ہنستا بستتا گھر اجاڑ دیا، دو بھائیوں کے مابین ہونے والی تلخ کلامی کے نتیجے میں فائرنگ سے بدنصیب بوڑھی ماں اپنی زندگی کی بازی ہار گئی گھر میں کہرام مچ گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہرنال کے رہائشی رستم علی اور اس کے بھائی عمران کے درمیان کسی معمولی گھریلو بات پر تکرار ہوئی۔ تلخ کلامی اس قدر بڑھی کہ غصے میں بپھرے ہوئے ملزم عمران نے ہوش و حواس کھو کر 30 بور پستول نکال لیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اس دوران دونوں بھائیوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کرنے والی ان کی 56 سالہ والدہ مسمات رحمت جان زوجہ محمد ازرم گولیوں کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او مندرہ ملک تنویر اشرف نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ ایس ایچ او ملک تنویر اشرف کا کہنا ہے کہ ملزم عمران واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جلد ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

More posts