وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے کہا کہ کچے میں بڑے آپریشن کی طرف جارہے ہیں، ٹارگٹ کرکے نامی گرامی ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کرینگے، آپریشن میں فوج کی فی الحال ضرورت نہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ صوبے میں کچے میں بڑے آپریشن کی طرف جارہے ہیں، تمام وسائل استعمال کریں گے، ٹارگٹ کرکے نامی گرامی ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سرینڈر کرنیوالے ڈاکوؤں کو موقع دیں گے، سرینڈر کرکے قانون کا سامنا کریں، خود کو بہت بڑا چیمپئن سمجھنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ آپریشن میں فوج کی فی الحال ضرورت نہیں، آپریشن میں پنجاب پولیس کی بھی ضرورت پڑے گی، آئی جی سندھ کو آئی جی پنجاب سے بھی رابطے کا کہا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، سندھ میں اب کہیں بھی حفاظتی کانوائے نہیں چل رہے۔ ایک سوال پر وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
