سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر حملے جاری رہے تو ریاض جوابی کارروائی کرنے پر مجبور ہو سکتا ہے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ اگر ایران کے حملے جاری رہے تو سعودی حکومت امریکا کو اپنے فوجی اڈے ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دے سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خلیجی ممالک نے اب تک ایران پر حملوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔
ادھر قطر کے امیر نے بھی امریکی صدر سے رابطہ کیا اور واضح کیا کہ قطر اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان نے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای آسان ہدف نہیں اور اپنے ملک کے دفاع میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس کے حملوں کا ہدف خلیجی ممالک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی مفادات ہیں اور اس نے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی موجودگی ختم کی جائے۔
سعودی عرب کی ایران کو پہلی بار جوابی کارروائی کی وارننگ
