سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں بریفنگ دیتے ہوئے سفیر نے بتایا کہ سعودی عرب اور پاکستان دفاعی شعبے سمیت مختلف میدانوں میں تعاون بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک–سعودی دفاعی معاہدے نے تعلقات کو نئی جہت دی ہے اور اس کے مثبت اثرات پاکستانی معیشت پر بھی پڑ رہے ہیں۔
سفیر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور ٹیکسٹائل سمیت 8 شعبوں میں معاہدے کریں گے۔
احمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی برآمدات سعودی عرب میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں، 2025 میں 5 لاکھ پاکستانی ورکرز سعودی عرب آئے اور اس وقت تقریباً 30 لاکھ پاکستانی وہاں کام کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے: سفیر احمد فاروق
