سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبد اللہ الجدعان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کریں گے۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سفارتی تعلقات کے حوالے سے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی تعلقات کے پیش نظر اس دورے سے اہم فیصلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات متوقع ہیں اور پاکستان اس پورے عمل میں ایک کلیدی ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی رپورٹس کے مطابق امریکی اور ایرانی وفود کی آمد اور مذاکرات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جو خطے کے مستقبل پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب بھی اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، کیونکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال براہ راست خلیجی معیشت اور عالمی توانائی سپلائی کو متاثر کر رہی ہے۔ اسی لیے اس دورے میں علاقائی سیکیورٹی، تیل کی ترسیل اور ممکنہ سفارتی حل پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک اس وقت سفارتی سطح پر قریبی رابطے میں ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران کو کم کیا جا سکے۔ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کو ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی وزیر خزانہ اسلام آباد پہنچ گئے، وزیراعظم سے اہم ملاقات متوقع
