Baaghi TV

سعودی وزارت حج کی عازمین کیلئے اہم ہدایات جاری، شدید گرمی میں احتیاط کی تاکید

‎دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ سعودی وزارتِ حج و صحت نے شدید گرمی کے پیش نظر عازمین کے لیے خصوصی رہنما گائیڈ جاری کر دی ہے تاکہ حجاج کرام محفوظ اور بہتر انداز میں عبادات ادا کر سکیں۔
‎رپورٹس کے مطابق اب تک 8 لاکھ سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور حج کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ کئی برسوں سے حج کا سیزن شدید گرمی میں آ رہا ہے اور رواں سال بھی سعودی عرب میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بلند ہے۔
‎سعودی وزارتِ صحت نے اردو سمیت آٹھ مختلف زبانوں میں حج رہنما گائیڈ جاری کی ہے، جسے پی ڈی ایف فارمیٹ میں آسانی سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ گائیڈ میں عازمین کو سفرِ حج کے آغاز سے اختتام تک احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
‎گائیڈ بک کے مطابق عازمین کو سفر سے پہلے مکمل طبی معائنہ کروانے اور اپنی جسمانی صحت کے بارے میں تسلی کر لینے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ دورانِ حج کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
‎وزارتِ حج نے خاص طور پر شدید دھوپ اور ہیٹ ویو سے بچاؤ پر زور دیا ہے۔ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشاعرِ مقدسہ میں رہتے ہوئے براہِ راست دھوپ میں زیادہ دیر نہ رہیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور لو لگنے کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔
‎گائیڈ میں خوراک کے حوالے سے بھی اہم ہدایات شامل کی گئی ہیں۔ عازمین کو تاکید کی گئی ہے کہ صرف تازہ اور محفوظ کھانا استعمال کریں، کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں اور ایسی خوراک سے مکمل پرہیز کریں جو گرمی میں زیادہ دیر باہر رکھی گئی ہو۔
‎وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ حج ایک جسمانی مشقت والا سفر ہے، اس لیے اپنی صحت، صفائی اور خوراک کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ عبادات سکون اور خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی جا سکیں۔

More posts