Baaghi TV

نوشکی، سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

noshki

نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے ڈی سی کمپلیکس اور اس کے اطراف میں جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 7 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک دہشتگرد کو زندہ گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، بارود اور حساس آلات برآمد کیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈی سی کمپلیکس میں موجود مشتبہ عناصر کے خلاف کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔ فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر مرحلہ وار پیش قدمی کی، جس دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام خطرات کو ناکام بنایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے 9 عدد ایس ایم جیز، 16 میگزین اور 415 راؤنڈز،2 عدد ایم-16 رائفلیں، 15 میگزین اور 352 راؤنڈز،2 عدد چینی ایل ایم جیز اور 110 راؤنڈز،1 عدد ڈریگنوف اسنائپر رائفل بمعہ 10 میگزین،1 عدد 14.5 ایم ایم اینٹی ایئرکرافٹ مشین گن اور 284 راؤنڈز،1 عدد آر پی جی اور 12 راؤنڈز،1 عدد یو بی جی ایل گرنیڈ،8 دستی بم،5 ٹرانزامین انجیکشن بمعہ سوئیاں،3 واکی ٹاکیز، 4 موبائل فونز اور 1 نائٹ ویژن ڈیوائس برآمد ہوئیں،

گرفتار دہشتگرد سے تفتیش جاری ہے، جس سے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور ممکنہ اہداف سے متعلق اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے،علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سرچ اور کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے تک مشتبہ مقامات کی کڑی نگرانی جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

More posts