Baaghi TV

ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز کی کھلی کچہری

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی مشران، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سننا اور علاقے کی ترقی کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران علاقے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے سڑکوں کی تعمیر، تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی جیسے بنیادی مسائل کی نشاندہی کی اور ان منصوبوں کی ترجیحات کے تعین کے حوالے سے اپنی آراء پیش کیں تاکہ آئندہ ترقیاتی مرحلے میں انہیں شامل کیا جا سکے۔کھلی کچہری میں شہریوں کو درپیش دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے، جن میں امن و امان، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں۔ سیکیورٹی حکام نے عوامی شکایات کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

مقامی مشران نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے براہِ راست رابطے سے نہ صرف عوام کے مسائل اجاگر ہوتے ہیں بلکہ اعتماد کی فضا بھی مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکام کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر جلد عملدرآمد ہوگا جس سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

More posts