Baaghi TV

سحرکامران ،پلوشہ خان ودیگر پیپلز پارٹی رہنماؤں کا ایرانی سفارتخانے کا دورہ

sehar kamran

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے کا دورہ کیا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سحر کامران کے ساتھ سینیٹر پلوشہ خان بھی شریک تھیں۔ رہنماؤں نے سفارتخانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے پیغام میں انہوں نے آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی مثالی جرات، بصیرت، اسلامی اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی اور قیامِ امن کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بابرکت زندگی امتِ مسلمہ کے لیے رہتی دنیا تک روشنی، حوصلے اور رہنمائی کا سرچشمہ بنی رہے گی۔

رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی گئی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سفارتی عمل کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب جوہری معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا تھا، جس کے نتیجے میں سپریم لیڈر، ان کے اہلِ خانہ اور متعدد بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ مزید برآں، مناب میں ایک گرلز اسکول کو نشانہ بنانے کے واقعے کی بھی سخت مذمت کی گئی جس میں معصوم بچیوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔

بیان میں اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور مسلم دنیا کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہداء کے اہلِ خانہ، ایرانی عوام اور دنیا بھر میں سپریم لیڈر کے چاہنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وفد نے مسلم امہ کے اتحاد، امن کے قیام اور انصاف و خودمختاری کے دفاع کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خطے میں امن و استحکام قائم فرمائے۔

More posts