پاکستان کے کئی حصوں میں سردی کی شدید ترین لہر نے کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جبکہ برف باری اور بارش برسانے والا طاقتور موسمی سسٹم آج ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے کئی درجے نیچے گر چکا ہے اور شدید برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ بٹگرام، دیربالا اور چترال میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
سوات اور مانسہرہ کے سیاحتی مقامات مکمل طور پر برف کی لپیٹ میں ہیں۔ مالم جبہ میں پانچ فٹ، کالام میں تین فٹ، شوگراں میں ایک فٹ اور کاغان میں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ بٹگرام کی تحصیل الائی میں کئی فٹ برف جمع ہونے سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں جبکہ شانگلہ میں بھی سڑکیں بند ہیں، مریضوں کو چارپائیوں پر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
دیر بالا اور چترال میں شدید برف باری کے باعث تمام بڑی رابطہ سڑکیں بند ہیں، ایک فٹ سے زائد برف پڑنے سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے اور بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔
دوسری جانب شمالی اور بالائی بلوچستان میں برف باری کے بعد وادی کوئٹہ میں سردی نے کئی سال کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، جہاں سورج نکلنے کے باوجود درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے اوپر نہ آ سکا۔
ملک بھر میں شدید سردی، طاقتور موسمی سسٹم آج داخل ہوگا
