امریکا کی ریاست شمالی کیرولینا میں بم سائیکلون کے باعث موسم شدید سرد ہو گیا اور 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی۔ اس طوفان نے خلیج میکسیکو سے نیو انگلینڈ تک وسیع علاقے متاثر کیے ہیں، جبکہ مشرقی امریکا میں تقریباً 15 کروڑ افراد کو سردی سے متعلق انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
نارتھ کیرولینا میں طوفان کے دوران دو افراد ہلاک ہو گئے اور ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ شہر شارلٹ اور گردونواح میں تقریباً ایک فٹ (30 سینٹی میٹر) برف پڑی، جو شہر کے بڑے برفانی واقعات میں شمار کی جا رہی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق طوفان سے 13 سے 15 بلین ڈالر سے زائد کے مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ سڑکوں پر بلیک آئس کے خطرے کی وجہ سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق بم سائیکلون ایک طاقتور اور تیز رفتار موسمی نظام ہے، جس سے شدید سردی، تیز ہوائیں اور بھاری برفباری ہوتی ہے۔ جنوبی فلوریڈا میں 1989 کے بعد سرد ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جبکہ میامی میں 2010 کے بعد سرد ترین صبح دیکھی گئی۔
شدید موسم کے باعث فضائی سفر بھی متاثر ہوا، ہفتے کو 2800 اور اتوار کو 1800 پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں بڑی تعداد شارلٹ ڈگلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تھی۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور سرد موسم میں محفوظ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
شمالی کیرولینا میں بم سائیکلون کے سبب شدید سردی، طوفانی ہواؤں اور برفباری
