محکمہ موسمیات نے سندھ کے مختلف اضلاع میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی 2026 تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو اور خیرپور میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، حیدر آباد، میرپور خاص اور سانگھڑ میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی انسانی صحت، مویشیوں اور زرعی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
ادارے نے شہریوں خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں اور بیمار افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک سورج کی تپش زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے، اس لیے شہری زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور خود کو ٹھنڈی جگہوں پر رکھنے کی کوشش کریں۔
کسانوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
ماہرین صحت کے مطابق شدید گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر موسمی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی دیکھ بھال اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔
سندھ میں ہیٹ ویو کب تک برقرار رہ سکتی ہے؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
