یورپ کے مختلف حصوں میں شدید برفباری اور سخت سردی نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپی ممالک اس وقت شدید سرد لہر کی زد میں ہیں، جہاں درجۂ حرارت میں نمایاں کمی اور مسلسل برفباری ریکارڈ کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق خراب موسم کے باعث سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور فضائی نظام متاثر ہوا ہے، جب کہ مختلف حادثات میں اب تک 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ فرانس کے دو مختلف علاقوں میں پیش آنے والے واقعات میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ بوسنیا کے دارالحکومت سرائیوو میں ایک خاتون سرد موسم سے متعلق حادثے میں جان کی بازی ہار گئی۔
شدید برفباری کے باعث یورپ بھر میں سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے۔ پیرس اور ایمسٹرڈیم کے بڑے ہوائی اڈوں پر بڑی تعداد میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں، جبکہ ایئرلائنز نے مسافروں کو سفری منصوبوں میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
یورپ میں شدید برفباری، معمولاتِ زندگی درہم برہم، حادثات میں 6 افراد ہلاک، سینکڑوں پروازیں منسوخ
