تنظیم "سکھ فار جسٹس” نے پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو 2027 کے نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ناروے کی نوبل کمیٹی میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ نامزدگی امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں دونوں شخصیات کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے، جسے تنظیم نے عالمی امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
تنظیم کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے اپنے بیان میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنی سفارتی حکمت عملی کے ذریعے واشنگٹن اور تہران کے درمیان رابطہ قائم کیا اور ایک بڑے ممکنہ تصادم کو روکنے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی وینس نے بھی اس عمل میں اہم سیاسی فیصلے کیے، جنہوں نے مذاکرات کو کامیاب بنانے میں مدد دی۔
ایس ایف جے نے اس موقع پر پاکستان اور امریکا سے مطالبہ کیا کہ اسی سفارتی ماڈل کو دیگر تنازعات، خصوصاً خالصتان کے مسئلے کے حل کے لیے بھی استعمال کیا جائے۔
بیان میں بھارت میں سکھ برادری کے خلاف سخت اقدامات کی طرف بھی توجہ دلائی گئی اور کہا گیا کہ خطے میں صورتحال تشویشناک ہے، جس پر عالمی توجہ کی ضرورت ہے۔
عاصم منیر اور جے ڈی وینس نوبل امن انعام کیلئے نامزد
