Baaghi TV

رمضان کا تقدس پامال کرنے پر پڑوسی ملک کی جارحیت کا بھرپور جواب: شاہد آفریدی کا پاک فوج کو خراجِ تحسین

‎کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے آپریشن "غضب للحق” کے حوالے سے پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ پڑوسی ملک نے رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا، جس کا ہماری بہادر افواج نے منہ توڑ اور بھرپور جواب دیا ہے۔
‎سابق کپتان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ اپنے مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات، سفارتکاری اور تمام ممکنہ پرامن ذرائع استعمال کیے گئے۔
شاہد آفریدی کے مطابق، دیگر برادر اسلامی ممالک نے بھی اس کشیدگی کو کم کرنے اور فریقین کو سمجھانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، مگر بدقسمتی سے تمام تر خلوص اور کاوشوں کے باوجود سرحد پار سے دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا۔
‎شاہد آفریدی نے اپنے بیان کے آخر میں جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "بحیثیت مسلمان، میری اور تمام مسلمانوں کی یہ دلی دعا اور آرزو ہے کہ رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں ہم سب اپنی توجہ اللہ تعالیٰ کی عبادت پر مرکوز رکھیں، نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہانے میں۔”

More posts