پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ بندی پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اہم پیغام جاری کیا ہے۔
دنیا بھر میں جہاں اس جنگ بندی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، وہیں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی پاکستان کی سفارتی کامیابی کو خراج تحسین پیش کر رہی ہیں۔
شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اور اسی لیے پاکستان ایک پیس میکر کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی کامیاب ثالثی پر مبارکباد دیتے ہوئے “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ بھی بلند کیا۔
سابق کپتان کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے خوش آئند ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ اس کے ذریعے مستقل امن کی راہ ہموار ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران اور امریکا نے 39 روز سے جاری کشیدگی کو کم کرتے ہوئے 15 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 10 اپریل سے اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان باضابطہ امن مذاکرات کا آغاز بھی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کا یہ کردار عالمی سطح پر اس کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے اور اسے ایک مؤثر سفارتی قوت کے طور پر پیش کرتا ہے۔
شاہد آفریدی کی ایران امریکا جنگ بندی پر پاکستان کی سفارتکاری کو سراہا
