Baaghi TV

شیخ رشید کی چیف جسٹس سے 9 مئی کے مقدمات کے جلد سماعت کی اپیل

shiekh rashid

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں دائر اپیلوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ان مقدمات کی سماعت میں تاخیر کے باعث عام شہری شدید ذہنی اور معاشی دباؤ کا شکار ہیں، اس لیے عدالتی کارروائی کو تیز کیا جانا ناگزیر ہے۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت 9 مئی کے واقعات سے متعلق مجموعی طور پر 12 مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں شیخ رشید بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کے روز وہ پاکستان میں موجود ہی نہیں تھے، تاہم اس کے باوجود ان کے خلاف مقدمات قائم ہیں اور وہ عدالتی عمل کا سامنا کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے دردمندانہ اپیل کرتے ہیں کہ 9 مئی کے کیسز میں زیر التوا اپیلوں کو جلد سنا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں غریب عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں، لوگوں کے گھروں میں چولہا جلانا مشکل ہو چکا ہے اور ایسے میں مقدمات کی طوالت عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپیلوں کی سماعت میں غیر معمولی تاخیر ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے، اس لیے ضروری ہے کہ عدالتیں ان مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ چیف جسٹس عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 9 مئی کے کیسز میں اپیلوں کی فوری سماعت کا حکم دیں گے تاکہ جلد فیصلے ہو سکیں اور ملک میں سیاسی و عدالتی بے یقینی کی فضا کا خاتمہ ہو۔

More posts