پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ پی ایس ایل کے 10 سالہ کیریئر میں آن اور آف دی فیلڈ ہر لمحے سے لطف اندوز ہوا ہوں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس سفر کو یہاں ختم کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل میں بھی میری خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی۔
خیال رہے کہ شعیب ملک نے 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ اور 2019 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اگرچہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے انہوں نے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، تاہم 44 سالہ آل راؤنڈر نے 2021 کے بعد قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی، مگر وہ پی ایس ایل اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلتے رہے۔
شعیب ملک نے پی ایس ایل کے اب تک کے تمام 10 سیزنز میں حصہ لیا اور چار ٹیموں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ 2025 میں ان کا آخری سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رہا۔
شعیب ملک کا پاکستان سپر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
