Baaghi TV

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہلاک

شمالی وزیرستان کے علاقے بکاخیل میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک اہم کمانڈر کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت غفور عرف اجاز کے نام سے ہوئی ہے، جو ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر تھا اور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غفور عرف اجاز کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے سیدگئی سے تھا اور وہ سیکیورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کا کمانڈر مارا گیا، جبکہ دیگر دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر شمالی وزیرستان اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری میں سرگرم تھا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز بلا تفریق جاری رہیں گے اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ مقامی لوگوں نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے علاقے میں امن کے قیام کے لیے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

More posts