سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے ،
صبا اصغر علی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول اور انتظامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم رمضان سے اب تک مجموعی طور پر 14 ہزار 797 چھاپے مارے جا چکے ہیں، جبکہ 431 گرانفروشوں کو جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 11 لاکھ 3 ہزار 500 روپے کے جرمانے کیے گئے اور نو گرانفروشوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ضلع بھر میں 49 پرائس مجسٹریٹس تعینات ہیں جو روزانہ اوسطاً 2 ہزار 500 چھاپے مار رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق روزانہ 5 سے 6 ہزار افراد نگہبان دسترخوان سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ اب تک 25 ہزار افراد افطاری کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور ہیلپ لائن 1718 پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل سیالکوٹ میں سہولت بازار فعال ہو چکا ہے جبکہ دیگر تحصیلوں میں بھی آئندہ رمضان تک سہولت بازار فعال کر دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے فیڈ بیک سے پرائس کنٹرول میں مؤثر مدد مل رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں 26 مقامات کے علاوہ دیگر جگہوں پر بھی دسترخوان لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پورے پنجاب میں نگہبان کارڈ ایپ عارضی طور پر ڈاؤن رہی۔انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ بڑے اسٹورز کا بھی باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے اور ڈی سی کاؤنٹرز کی چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ ضلع بھر میں 600 دکانیں مقرر کی گئی ہیں جہاں سے نگہبان رمضان پروگرام کے تحت رقم نکلوائی جا سکتی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نگہبان کارڈ سہولت بازار میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، اس لیے شہری کارڈ کو ضائع نہ کریں کیونکہ آئندہ بھی دیگر سہولیات اسی کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلسل خلاف ورزی کرنے والے گرانفروشوں کی دکانیں سر بمہر کی جا رہی ہیں۔
