حکومتِ سندھ نے یومِ پاکستان کے موقع پر 23 مارچ 2026 کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 23 مارچ کو سندھ بھر میں سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ سندھ کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر، خود مختار اور نیم خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز اس روز بند رہیں گے۔ تاہم ضروری خدمات فراہم کرنے والے ادارے معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ یومِ پاکستان ہر سال 23 مارچ کو قراردادِ لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 1940 میں اسی دن برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا مطالبہ پیش کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ملک بھر میں قومی تقاریب اور سرکاری تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
یومِ پاکستان پر سندھ بھر میں 23 مارچ کو عام تعطیل کا اعلان
