وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کی منظوری دی گئی، جس سے غیر ملکی پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن کا عمل آسان ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ، سندھ رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم بھی کی جائے گی تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی رجسٹریشن میں سہولت پیدا کی جا سکے۔
اجلاس میں دیگر اہم فیصلوں میں لاڑکانہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کو 4.3 ارب روپے کی لاگت سے قائم کرنے کی منظوری شامل ہے۔ بورڈ آف ریونیو اور سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ای اسٹیمپنگ کے لیے 5 سالہ معاہدے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ماہانہ 70 لاکھ روپے سروس چارجز ادا کیے جائیں گے۔
کابینہ نے ٹیکس قوانین پر عمل کرنے والے اداروں کے لیے سیس کی شرح کم کر کے 0.8 فیصد کرنے اور ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن اسکیم کے تحت دوبارہ برآمد ہونے والے سامان پر سیس کی مکمل چھوٹ دینے کا بھی فیصلہ کیا۔
یہ تمام تجاویز منظور کر کے صوبائی اسمبلی کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ قانون سازی کے عمل کے بعد انہیں نافذ کیا جا سکے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پراپرٹی رجسٹریشن کی منظوری
