سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے معاوضے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں سانحہ گل پلازہ کی وجوہات، ریسکیو اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی، جو کمشنر کراچی کی انکوائری رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لے گی اور ذمہ داران کے خلاف مزید کارروائی سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق قائم کی گئی سب کمیٹی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار شامل ہوں گے۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں اپنی سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ لواحقین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرین کی مالی معاونت میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، جس پر صوبے بھر میں شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا گیا۔ حکومتِ سندھ کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
سندھ کابینہ کی گل پلازہ کے شہداء کے لواحقین کو ایک کروڑ معاوضے کی منظوری
