مراد علی شاہ نے کراچی کے سائٹ ایریا میں ٹیکسٹائل فیکٹری میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی اور تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ مقام پر امدادی سرگرمیاں جلد مکمل کی جائیں اور ممکنہ خطرات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ صوبے بھر کی فیکٹریوں میں استعمال ہونے والے تمام کیمیکلز کا جامع آڈٹ کیا جائے اور خطرناک کیمیکلز کے ذخیرے اور استعمال کا مکمل ریکارڈ تیار کیا جائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صنعتی یونٹس میں کیمیکل سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ بغیر اجازت خطرناک مواد ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے حکام کو فوری طور پر فیکٹریوں میں فائر سیفٹی اور کیمیکل اسٹوریج کے نظام کا معائنہ شروع کرنے، تمام صنعتی علاقوں میں مشترکہ انسپکشن مہم چلانے اور آڈٹ رپورٹ جلد وزیراعلیٰ آفس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ عوام اور مزدوروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
سائٹ ایریا فیکٹری آتشزدگی: وزیراعلیٰ سندھ کا تحقیقات اور کیمیکل آڈٹ کا حکم
