وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا جبکہ مہنگے ڈیزل کے باعث ٹرانسپورٹرز کے اضافی اخراجات حکومت خود برداشت کرے گی۔
مراد علی شاہ کی زیر صدارت سبسڈی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، چیف سیکریٹری، میئر کراچی اور کمشنر کراچی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کرایوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث ضروری ہے کہ حکومت اور عوام دونوں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سادگی اختیار کریں، جبکہ بجلی، گیس اور پیٹرول کی بچت پر بھی زور دیا۔
ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ کرایوں میں اضافہ نہیں کریں گے اور عوام کو مزید بوجھ میں مبتلا نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جنگ سے پہلے والے کرایے برقرار رکھے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اسکول وینز کے کرایوں میں بھی اضافہ نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں سرکاری 470 بسوں سمیت 11 ہزار سے زائد گاڑیاں چل رہی ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ان تمام سروسز میں عوام کو ریلیف ملتا رہے۔
سندھ میں کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا، اضافی خرچ حکومت اٹھائے گی
