سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت صوبے میں 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں تاکہ ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 47 سے زائد سرکاری محکموں کی گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مجموعی طور پر 2837 گاڑیوں میں سے 1524 گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ اس اقدام میں محکمہ صحت، خزانہ، اسکول ایجوکیشن، انرجی اور اینٹی کرپشن سمیت اہم شعبے شامل ہیں، جبکہ بعض محکموں میں بندش کی شرح 65 فیصد سے بھی زیادہ ہے۔ انٹر پروونشل کوآرڈی نیشن کے محکمے کی تمام گاڑیاں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ایندھن کی کھپت کو قابو میں رکھنے اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کی بچت بھی ہوگی۔
وزیر کے مطابق صرف ہنگامی اور ضروری خدمات کے لیے مخصوص گاڑیاں ہی استعمال میں رہیں گی، جبکہ دیگر گاڑیوں کو عارضی طور پر بند رکھا جائے گا۔
سندھ میں کفایت شعاری مہم، 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند
