Baaghi TV

تمباکو نوشی انسان کو تنہائی کا شکار بنا سکتی ہے، نئی تحقیق

smoking0

بارسلونا: نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تمباکو نوشی کو اگرچہ اکثر ایک سماجی سرگرمی سمجھا جاتا ہے، تاہم یہ عادت انسان میں تنہائی کے احساس کو بڑھا سکتی ہے۔

یورپی ریسپائریٹری سوسائٹی (ERS) کانگریس میں پیش کی گئی تحقیق کے مطابق موجودہ سگریٹ نوش افراد، عمر اور جنس سے قطع نظر، غیر سگریٹ نوش افراد کے مقابلے میں زیادہ تنہائی محسوس کرتے ہیں۔تحقیق میں یورپ میں ہونے والے ایک سروے کے 50 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ محققین نے شرکا میں تنہائی کے احساسات کا جائزہ لیا، جس میں خود کو الگ تھلگ محسوس کرنا اور رفاقت کی کمی جیسے عوامل شامل تھے۔تحقیق کے مطابق سگریٹ نوش افراد نہ صرف زیادہ تنہائی محسوس کرتے ہیں بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ان میں تنہائی کے احساس میں اضافہ بھی غیر سگریٹ نوش افراد کے مقابلے میں زیادہ دیکھا گیا۔

تحقیق پیش کرنے والے ڈاکٹر کیئر فلپ کے مطابق بڑی عمر کے افراد میں تمباکو نوشی کا تعلق بڑھتی ہوئی تنہائی سے پایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سگریٹ نوشی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ نفسیاتی اور سماجی صحت کو بھی متاثر کرسکتی ہے۔ تحقیق میں شرکا کی اوسط عمر 67 سال تھی۔محققین کے مطابق اس سے قبل ہونے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ تنہائی بعض افراد کو سگریٹ نوشی کی جانب مائل کرسکتی ہے، تاہم اس کے برعکس یعنی تمباکو نوشی کے نتیجے میں تنہائی بڑھنے پر نسبتاً کم تحقیق کی گئی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج سگریٹ نوش افراد کو تمباکو نوشی ترک کرنے کی ترغیب دینے کی کوششوں میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ تنہائی کے صحت پر منفی اثرات پہلے ہی متعدد تحقیقات میں سامنے آچکے ہیں۔

More posts