آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ڈی کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں 4 رنز سے شکست دے دی۔
احمد آباد میں کھیلے گئے اس مقابلے میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 187، 187 رنز پر برابر رہیں، جس کے بعد فیصلہ سپر اوورز پر چلا گیا۔
پہلے سپر اوور میں افغانستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقا بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکا، یوں مقابلہ مزید سنسنی اختیار کر گیا اور نتیجہ دوسرے سپر اوور پر جا پہنچا۔
دوسرے سپر اوور میں پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 23 رنز جوڑے۔ افغان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 19 رنز بنا سکی اور اس طرح جنوبی افریقا نے 4 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کی اننگز کا آغاز ایڈم مارکرم اور کوئنٹن ڈی کوک نے کیا، تاہم مارکرم 12 کے مجموعے پر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈی کوک اور ریان رکلٹن نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور اسکور کو مستحکم کیا۔ دونوں نے اسی اوور میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ رکلٹن 61 اور ڈی کوک 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیوالڈ بریوس نے 23 جبکہ ڈیوڈ ملر نے 20 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3 اور راشد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقا کی افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں شکست
