Baaghi TV

اسپین کا 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی کا فیصلہ

eu

‎اسپین نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اس اقدام کا مقصد بچوں کو آن لائن خطرات، ذہنی دباؤ اور نفسیاتی اثرات سے بچانا قرار دیا ہے۔ نئے قوانین کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے عمر کی تصدیق کا نظام لازمی ہوگا۔
‎ہسپانوی وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات بچوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں اور دوسرے یورپی ممالک پر بھی ایسے قوانین نافذ کرنے کی ترغیب دی ہے۔ اسپین نے سرحد پار ریگولیشن کو مربوط کرنے کے لیے پانچ دیگر ممالک کے ساتھ ‘Coalition of the Digital Willing’ میں شمولیت اختیار کی ہے۔
‎گذشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے والا پہلا ملک بنا تھا۔ اسپین کی جانب سے سوشل میڈیا ایگزیکٹوز کو غیر قانونی مواد کے لیے جوابدہ ٹھہرانے، الگورتھم میں ہیرا پھیری کو جرم قرار دینے اور عمر کی تصدیق کے مضبوط نظام کو لازمی کرنے کے لیے بھی بل پیش کیا جائے گا۔
‎ادھر، یونان نے بھی 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے پابندی کا اعلان کرنے کے قریب ہونے کا عندیہ دیا ہے، جبکہ فرانس میں ایوان زیریں نے 15 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے، تاہم سینیٹ کی منظوری باقی ہے۔
‎یہ اقدامات دنیا بھر میں بچوں کی آن لائن حفاظت، ذہنی صحت اور منفی رجحانات کے بڑھتے خطرات کے پیشِ نظر کیے جا رہے ہیں۔

More posts