Baaghi TV


سری لنکا میں قرض کی رقم ہیکرز کے اکاؤنٹ میں منتقل

‎سری لنکا میں ایک سنگین مالیاتی غفلت یا سائبر حملے کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں آسٹریلیا کو ادا کی جانے والی 25 لاکھ ڈالر کی قرض قسط اصل قرض دہندہ کے بجائے ہیکرز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ابتدائی طور پر اسے سائبر فراڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق یہ رقم آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان جاری قرض پروگرام کے تحت ادا کی جانی تھی، جو ستمبر 2025 میں مکمل ہونا تھا۔ تاہم انکشاف ہوا ہے کہ یہ رقم جنوری کے دوران کسی وقت ہیکرز کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو گئی، جس کا علم بعد میں سامنے آیا۔
‎سری لنکا کے وزیر خزانہ ہرشنا سوریاپروما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ادائیگی تو کی گئی تھی مگر سائبر مجرموں نے مداخلت کرتے ہوئے رقم کو اصل وصول کنندہ کے بجائے کسی اور بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا۔ ان کے مطابق اس معاملے میں سنگین غفلت یا تکنیکی خامی کا امکان بھی زیر غور ہے۔
‎حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پبلک ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے چار سینئر افسران کو معطل کر دیا ہے جبکہ بین الاقوامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ رقم کی واپسی ممکن بنائی جا سکے۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہیکرز نے ای میل کے ذریعے دی جانے والی ادائیگی ہدایات میں رد و بدل کیا اور رقم کو اپنے اکاؤنٹس کی طرف موڑ دیا۔ تاہم اس بات کی مکمل تصدیق ابھی باقی ہے کہ یہ عمل کس طریقے سے انجام دیا گیا۔
‎یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب آسٹریلوی قرض دہندہ نے شکایت کی کہ اسے متوقع ادائیگی موصول نہیں ہوئی۔ اس کے بعد حکام نے معاملے کی چھان بین شروع کی جس میں اس بڑی مالی بے ضابطگی کا انکشاف ہوا۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ سرکاری اداروں میں سائبر سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

More posts