اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم کے حتمی ڈیزائن کو 10 روز میں طلب کر لیا۔
محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد میں عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ شہر میں جدید سہولتوں کے حامل کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے تمام ابتدائی خاکے تیار ہیں، اور وزیر داخلہ نے کہا کہ 10 روز میں حتمی ڈیزائن پیش کیا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنا تاکہ شہر میں سبزے اور تفریحی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔سیف سٹی پروجیکٹ کے دائرہ کار کو بڑھانا، جس کے تحت شہر کی سیکیورٹی اور نگرانی نظام کو مزید جدید بنایا جائے گا۔کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی کے لیے ‘اسمارٹ انڈر پاس’ کی تعمیر کا فیصلہ۔ وزیر داخلہ نے اس منصوبے کا حتمی ڈیزائن بھی 10 روز میں طلب کر لیا۔وفاقی دارالحکومت میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف تعمیراتی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی،اجلاس کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر بھی زور دیا اور کہا کہ واگزار کرائی گئی اراضی کا بہترین استعمال عوامی مفاد میں یقینی بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں، وفاقی دارالحکومت میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے کے سلسلے میں بھی حکومتی تجاویز پر غور جاری ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبے شفافیت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے، اور شہر کے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
