سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام جاری میٹرک امتحانات کے دوران نقل کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جس پر امتحانی حکام نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔
اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا جسے فوری طور پر امتحانی ہال سے باہر نکال دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالبہ کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ اسی امتحانی مرکز میں مجموعی طور پر 23 طلبہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، جن کے خلاف کاپی کیس درج کر لیا گیا ہے۔ ان طلبہ کے امتحانی پرچے منسوخ کیے جانے اور دیگر تادیبی اقدامات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امتحانی حکام کے مطابق شفاف امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ نقل کے رجحان کے خاتمے کے لیے نہ صرف سخت اقدامات ضروری ہیں بلکہ طلبہ میں ایمانداری اور محنت کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنا بھی اہم ہے۔
سکھر میں میٹرک امتحان، نقل پر طلبہ کے خلاف کارروائی
