Baaghi TV

طلبا ریاست مخالف پروپیگنڈے سے دور رہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان

sarfaraz bhughti

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب بلوچستان کے طلبہ و طالبات سے ملاقات کی، جس میں ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور دیگر امور پر تفصیلی سوال و جواب ہوا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرٹ پر منتخب ہونے والے طلبہ و طالبات کی اکثریت غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے، جو حکومت کی تعلیمی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت باصلاحیت نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔میر سرفراز بگٹی نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مثبت سوچ اور کردار کو بھی مقدم رکھیں۔ انہوں نے طلبہ کو ریاست مخالف پروپیگنڈے سے دور رہنے اور جہاں بھی جائیں پاکستانیت کا پرچار کرنے کی تلقین کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے یہ طلبہ صوبے کے سفیر ہیں، اس لیے انہیں اپنی صلاحیتوں، کردار اور کامیابیوں کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہوگا۔

More posts