Baaghi TV

ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے حقوق سے دستبردار بھی نہیں ہوگا۔ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ

‎ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنے حقوق سے دستبردار بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران ہونے والے ہر نقصان کا ازالہ طلب کرے گا اور آبنائے ہرمز کے انتظام کے حوالے سے نیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بہادر ایرانی قوم اس میدانِ جنگ میں فاتح ثابت ہوئی ہے۔
ایران کے رہبرِ اعلیٰ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے اپنے ایک حالیہ بیان میں جنوبی ہمسایہ ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کو درست تناظر میں سمجھیں اور ‘شیطانی قوتوں’ کے جھوٹے وعدوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اب بھی اپنے پڑوسیوں سے ایک مناسب ردعمل کا منتظر ہے تاکہ برادرانہ تعلقات اور خیر سگالی کا اظہار کیا جا سکے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ یہ ممالک ان استکباری قوتوں سے دوری اختیار کریں جو انہیں صرف اپنے مفاد کے لیے استعمال اور ذلیل کرتی آئی ہیں۔
‎رہبرِ اعلیٰ نے مزید تاکید کی کہ ایران پر حملہ کرنے والے جارح عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور اللہ کے حکم سے انہیں ضرور سزا دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے ہر نقصان کا معاوضہ، شہداء کا خون بہا اور زخمیوں کی تلافی کا مطالبہ کیا جائے گا، جبکہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کو ایک نئی اور سخت سطح پر لے جایا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ اگرچہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، لیکن وہ اپنے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا اور اس جدوجہد میں پوری ‘فرنٹ آف ریزسٹنس’ (محاذِ مزاحمت) کو ایک متحد وجود کے طور پر دیکھتا ہے۔

More posts