Baaghi TV

صوابی،ٹیکس آفس کی بڑی کارروائی، لاکھوں کلو غیر قانونی تمباکو برآمد

ٹیکس آفس پشاور نے ضلع صوابی کے علاقے انبار میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں کلوگرام غیر قانونی طور پر ذخیرہ شدہ تمباکو برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران ایک جی ایل ٹی (Green Leaf Threshing) یونٹ مکمل طور پر فعال حالت میں پایا گیا، جہاں بھاری مقدار میں تمباکو موجود تھا جسے تحویل میں لے لیا گیا۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 14 ہزار 596 کلوگرام ہینڈ اسٹیمڈ لیمینا، 35 ہزار 280 کلوگرام تمباکو اسٹیم اور 74 ہزار 800 کلوگرام گرین لیف برآمد کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ تمباکو کی مقدار غیر معمولی طور پر زیادہ ہے جو بڑے پیمانے پر غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ اور ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کرتی ہے۔حکام کے مطابق برآمد ہونے والا تمباکو ایک نجی ٹوبیکو کمپنی کے نام پر موجود تھا، جبکہ یونٹ کے مالک کی شناخت ربنواز کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ یونٹ میں تمباکو کی پروسیسنگ اور ذخیرہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کی کھلی خلاف ورزی کے تحت کی جا رہی تھی۔

ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر گودام اور تمام مشینری کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق اس غیر قانونی سرگرمی کے ذریعے اربوں روپے کی ٹیکس چوری کی جا رہی تھی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تمباکو مینوفیکچرنگ، ذخیرہ اندوزی اور ٹیکس چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خصوصی عدالت سے حاصل کردہ سرچ وارنٹ کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جبکہ کیس میں مزید قانونی کارروائی اور تفصیلی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام نے عندیہ دیا ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد اور اداروں کے خلاف بھی جلد کارروائیاں متوقع ہیں۔

More posts