Baaghi TV

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کا خدشہ

قطر کے وزیر توانائی سعد بن شریده الکعبی نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جس سے عالمی معیشت کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔

قطر کے وزیرِ توانائی نے ایک بیان میں کہا کہ خطے میں جاری تنازع، خاص طور پر ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس کے اثرات عالمی توانائی منڈیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال مزید بگڑتی ہے تو آنے والے چند ہفتوں میں خام تیل کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ سکتا ہے اور یہ قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے، جو عالمی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوگا۔

قطری وزیرِ توانائی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ دنیا میں توانائی کی فراہمی کا ایک اہم مرکز ہے اور اگر جنگ کے باعث خلیجی ممالک سے تیل اور گیس کی برآمدات متاثر ہوتی ہیں تو عالمی سپلائی چین شدید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی صورتحال میں دنیا بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی میں تیزی اور اقتصادی عدم استحکام پیدا ہونے کا خدشہ ہے، ماہرین کے مطابق اگر کشیدگی برقرار رہی یا جنگ میں شدت آئی تو عالمی مالیاتی منڈیاں، تجارتی سرگرمیاں اور ترقی پذیر معیشتیں سب سے زیادہ متاثر ہو سکتی ہیں

More posts