قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کا محرومی، حقوق یا کسی سیاسی جدوجہد سے کوئی تعلق نہیں بلکہ اس کا واحد مقصد بھتہ خوری، لوٹ مار اور خوف پھیلانا ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر لاپتا افراد اور محرومی کا بیانیہ استعمال کر کے دہشتگردی کو جواز دینے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن یہ بیانیہ اب نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیمیں کسی عوامی حق یا فلاح کے لیے نہیں بلکہ اپنے مالی مفادات کے لیے کارروائیاں کرتی ہیں۔
وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے، بھتہ وصول کرنے اور بدامنی پھیلانے کے لیے دہشتگردی کا سہارا لیتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ عناصر عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے مظلومیت کا لبادہ اوڑھتے ہیں، حالانکہ ان کا اصل چہرہ لوٹ مار اور تشدد ہے۔
طلال چوہدری نے بلوچستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے علاوہ پوری دنیا نے ان واقعات کی مذمت کی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری دہشتگردی کے اصل محرکات سے بخوبی آگاہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں اور دہشتگردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دہشتگردی کا حقوق یا محرومی سے کوئی تعلق نہیں، طلال چوہدری
