Baaghi TV

کویت میں دہشت گردی کی مالی معاونت ناکام، 24 افراد گرفتار

کویت کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک اہم سیکیورٹی آپریشن کے دوران ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے اور دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت کرنے کی مبینہ سازش ناکام بنا دی گئی۔ حکام کے مطابق اس کارروائی میں 24 شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے جس کی شہریت پہلے ہی منسوخ کی جا چکی تھی۔

وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے بڑی مالی رقوم برآمد ہوئیں، جن کا تعلق غیر قانونی سرگرمیوں سے تھا۔ اسی کارروائی کے دوران بیرون ملک فرار 8 شہریوں کا بھی سراغ لگایا گیا، جن میں ایک شخص ایسا بھی ہے جس کی شہریت ختم کی جا چکی ہے۔بیان کے مطابق ملزمان منظم نیٹ ورک کے تحت مذہبی مقاصد اور خیراتی سرگرمیوں کے نام پر رقوم جمع کرتے تھے۔ عوام ان افراد پر اعتماد کرتے ہوئے نیک نیتی سے چندہ دیتے رہے، کیونکہ انہیں بتایا جاتا تھا کہ یہ رقوم جائز اور انسانی فلاح کے مقاصد کے لیے استعمال ہوں گی۔تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ جمع کی گئی رقم کو اصل مقاصد کے بجائے غیر قانونی اور مشتبہ تنظیموں کی طرف منتقل کیا جا رہا تھا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ عمل عوامی اعتماد کے ساتھ سنگین دھوکا اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان نے رقوم کو چھپانے اور منتقل کرنے کے لیے تجارتی و پیشہ ورانہ اداروں کو بطور پردہ استعمال کیا۔ رقم کی منتقلی کے لیے پیچیدہ طریقے اپنائے گئے، جن میں مختلف افراد کے ذریعے فضائی اور زمینی راستوں سے رقوم منتقل کرنا شامل تھا تاکہ شک و شبہ سے بچا جا سکے۔وزارت داخلہ کے مطابق تمام گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید ملوث عناصر کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست ہر اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے جو ملک کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالے یا کویت کی سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کی معاونت کے لیے استعمال کرے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ قانون کی عملداری، قومی سلامتی اور ملکی استحکام کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ملوث افراد کا سختی سے تعاقب جاری رکھا جائے گا۔

More posts