اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے کوشش کی کہ وہ نوشکی کے عوام کی خدمت نہ کر سکیں، تاہم انہیں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے متعلق بیان میں اسسٹنٹ کمشنر نوشکی ماریہ شمعون نے بتایا کہ 31 جنوری کو فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے ڈپٹی کمشنر نوشکی اور ان کے اہلِ خانہ کو یرغمال بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا مقصد یہ تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمات انجام نہ دے سکے، مگر ان کی یہ کوشش ناکام رہی۔
ماریہ شمعون نے کہا کہ پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاک فوج مسلسل ہمارے شانہ بشانہ رہی اور ہمیں بحفاظت گھروں تک پہنچایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشکی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، کور کمانڈر کوئٹہ اور آئی جی ایف سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میرا خاندان ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تعاون کے معترف ہیں۔
انہوں نے نوشکی سمیت بلوچستان کے عوام کو پیغام دیا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کے حالات میں عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کبھی ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔
نوشکی میں عوامی خدمت روکنے کی دہشتگردوں کی کوشش ناکام: اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون
