Baaghi TV

بنگلادیشی صدر محمد شہاب الدین اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے صحت کی خرابی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

شہاب الدین نے کہاہے کہ حالیہ طبی معائنے میں ان میں آٹونومک نیوروپیتھی (Autonomic Neuropathy) کی تشخیص ہوئی ہے، اس بیماری کے باعث انہیں بعض اوقات اچانک مختصر مدت کے لیے ہوش کھو دینےکی کیفیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

صدر کےپریس سیکرٹری کیجانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ نئے صدر کےانتخاب تک قومی پارلیمان کےاسپیکر صدر کےفرائض انجام دیںگے،بنگلادیشی آئین کے مطابق اسپیکر حفیظ الدین احمد عبوری صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جب کہ آئندہ 90 دن کے اندر نئے صدرکا انتخاب کیا جائےگا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقامی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ شہاب الدین نے رواں سال مئی میں علاج کی غرض سے برطانیہ کے دورے کے دوران بھارت میں مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سے ٹیلی فون پر بات کی تھی،تاہم شہاب الدین نے اس کی تردیدکرتے ہوئے بنگلادیشی اخبار کو بتایا ہےکہ میں مختلف طبی مسائل کا شکار ہوں، میرے استعفے کی یہی وجہ ہے، اس وقت اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

واضح رہےکہ بنگلا دیش میں صدرکا انتخاب ارکان پارلیمنٹ کے ووٹوں سے ہوتا ہےاس وقت حکمران جماعت بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی پارلیمنٹ میں اکثریت رکھتی ہے، اس لیے امکان ہےکہ اسی جماعت کا نامزد امیدوار نیا صدر منتخب ہوگا، 76 سالہ محمد شہاب الدین اپریل 2023 سے بطور صدر خدمات انجام دے رہے تھےان کی 5 سالہ مدت صدارت 2028 میں ختم ہونا تھی جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی کافی عرصے سے ان سے استعفےکا مطالبہ کر رہی تھیں۔ محمد شہاب الدین کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کا قریبی اتحادی سمجھا جاتا تھا۔

More posts