وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کے آبائی گھر میں چوری کی واردات پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات تھانہ سٹی کی حدود میں واقع وفاقی وزیر کے آبائی گھر میں ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم چور گھر میں داخل ہوئے اور وہاں نصب قیمتی سینٹری کا سامان اتار کر لے گئے۔ چوری ہونے والے سامان کی مالیت کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
گھر کے عملے کے مطابق یہ مکان وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا آبائی گھر ہے، جو ان کی غیر موجودگی کے باعث زیادہ تر بند رہتا ہے۔ اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چوروں نے مبینہ طور پر واردات انجام دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ قریبی علاقوں میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ چوری میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے گھر میں چوری
